بھٹکل:9/ ڈسمبر(ایس او نیوز) اگر ایک کھلاڑی اسلامی شریعت پر مکمل پابندی کرتے ہوئے کھیل کے میدان میں آگے بڑھتاہے تو ترقی کے منازل طئے کرنے کے علاوہ دعوت وتبلیغ کا اہم فریضہ بھی انجام دیتاہے۔ جس کی اعلیٰ مثال جنوبی آفریقہ کے کرکٹ کھلاڑی ہاشم آملہ ہیں۔ کھیل کے میدان کا ایک چھوٹا سا عمل ، لاکھوں داعیوں کا کام کرتاہے، اسلام میں کھیل کی ترغیب دی گئی ہے، اللہ کے نبی ﷺ نے بھی کھیل کی ترغیب دیتے ہوئے بعض دفعہ کھیل مقابلوں میں شریک رہے ہیں، بلکہ حضرت عائشہ ؓ کو ساتھ لے کر پردے سے کھیل کا نظارہ کرایا ۔ بھٹکل کی ہردلعزیز شخصیت ، جامعہ اسلامیہ کے مہتمم مرحوم عبدالباری ؒ بھی ایک بہترین کھلاڑی تھے، ان باتوںکا خیال ظاہر کرتےہوئے مولانا ابوالحسن علی میاں اکیڈمی کے جنرل سکریٹری مولانا محمد الیاس جاکٹی ندوی نے بھٹکلی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور کھلاڑیوں کو تیار کرکے ریاستی اور قومی سطح تک لے جانے کے لئےایک اکیڈمی قائم کرنے پر زور دیا۔
مولانا یہاں جالی روڈ کولا گراؤنڈ پر بھٹکل اسپورٹس ڈاٹ کام کے زیراہتمام اور بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے تعاون سے منعقدہ ایوارڈ تقریب میں بطور ِ مہمان ِ خصوصی خطاب کررہے تھے۔ مولانا نے اپنے خطاب میں طلبا اور بچوں کے فارغ اوقات میں آوٹ ڈور کھیلوں میں حصہ نہ لینے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اسی سےمعاشرے میں بے حیائی پھیل رہی ہے اور موبائل، وہاٹس ایپ ، کمپوٹرگیمز اور ٹی وی سیریلس میں بچوں کے مصروف ہونے سے اخلاقی گراوٹ عام ہورہی ہے۔انہوں نے سرپرستوں سےاپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو برائی سے اورغلط کاموں سے بچانے کے لئے کھیلنے کے لئے باہرمیدان میں بھیجیں۔
پروگرا م میں مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے صدر محمد مزمل قاضیا، مشہور صنعت کار محمد یونس قاضیا، بلدیہ صدر محمد صادق مٹا، بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے جنرل سکریٹری مولانا محمد عرفان ایس ایم ندوی نے بھی موقع کی مناسبت سے خطاب کیا۔ بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر امتیاز ادیاور نے پروگرام کی صدارت کی۔ پروگرام کا آغاز حافظ سلمان احمد کولا کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ عزیزی علی شریف نے ہدیہ نعت پیش کی۔ بھٹکل اسپورٹس ڈاٹ کام کے چیف آپریٹنگ آفیسر مبشر حسین ہلارے نے استقبالیہ اور بھٹکل اسپورٹس ڈاٹ کام کا تعارف پیش کیا۔
بھٹکل اسپورٹس ڈاٹ کام کی طرف سے محمد مولاکرانی ندوی کوبھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے لئے گراں قدر خدمات اور کھیل کے میدان میں بیش بہا خدمات انجام دینے پرلائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازاگیا۔ اسی طرح اپنی جوانی میں کھیل کے میدان سے وابستہ رہ کر بہترین خدمات انجام دینے والے لائن اسپورٹس سنٹر کے نورالصادقین شنگیری اور اسد اللہ اسوسی ایشن کے مسعود شنگیری کو ’’ جوہرِ بھٹکل ‘‘ کے ایوارڈ سے نوازاگیا۔ ایوارڈ پروگرام میں بہترین کرکٹ کھلاڑی، کبڈی کھلاڑی فٹ بال کھلاڑی سمیت کھیل کے دیگر مقابلوں میں بہترین پرفارمینس پیش کرنے والے کھلاڑیوں کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔
پروگرام میں محمد مزمل قاضیا اور دیگر ذمہ داروں کے ہاتھوں مدینہ ویلفئیر سوسائٹی کی طرف سے منعقدہ مدینہ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے ٹرافی کا جراء بھی کیا گیا ۔ڈائس پر محمد عظیم شیخ، سید حسین برماور،حنظلہ کریکال، میڈیکل سمیع، نصیف خلیفہ وغیرہ موجود تھے۔ بھٹکل اسپورٹس ڈاٹ کام کے مینجنگ ڈائرکٹر کے ایم وسیم نے آخر میں شکریہ اداکیا۔